منشیات کے مقدمہ میں مجرم کو 10سال قید با مشقت کا حکم
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ نے 2 کلو 950 گرام چرس کی برآمدگی کے مقدمہ میں مجرم کو 10 سال قید با مشقت کا حکم دیدیا ۔
فاضل جج چودھری قاسم جاوید کے حکم پر مجرم علی اصغر کو سزا بھگتنے کے لئے جیل بھجوا دیا گیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج چودھری قاسم جاوید کی عدالت میں ملزم علی اصغر کے خلاف منشیات فروشی کا مقدمہ زیر سماعت تھا ۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سید زرغام علی نے فیصلہ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ مجرم کو 2 لاکھ جرمانہ کی ادائیگی کا حکم بھی دیا گیا عدم ادائیگی جرمانہ مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہو گی جبکہ عدالت نے مجرم سے موقع پر برآمد ہونے والی ایک لاکھ 7 ہزار رقم وٹک بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم بھی دیا ہے ۔ تھانہ پیپلز کالونی پولیس نے 23 اگست 2023 کو کچا ایمن آباد روڈ کے علاقہ میں ملزم اصغر علی سے 2 کلو 950 گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کیا تھا ۔