سیالکوٹ:بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ ، وولٹیج کی کمی بیشی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیالکوٹ میں بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ ، آنکھ مچولی اور وولٹیج کی کمی بیشی سے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔
سیالکوٹ میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کا کوئی شیڈول نہیں ہے ۔ غیر اعلانیہ اور بغیر شیڈول سے بجلی کی بندش اور وولٹیج میں کمی و بیشی سے شہری سراپا احتجاج ہیں۔ شہریوں خصوصاََ انڈسٹریل ایریا میں بجلی کی بندش اور وولٹیج کی کمی بیشی سے کاروباری نظام مفلوج ہو چکا ہے ۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ اوروولٹیج میں کمی و بیشی سے الیکٹرانکس کی بیش قیمتی اشیاء بھی جل رہی ہیں ۔ واپڈا افسران روایتی ہٹ دھرمی اور اختیارات کے نشہ میں دھت صارفین کا استحصال کر رہے ہیں۔ واپڈا افسران صارفین کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام نظر آرہے ہیں۔ کرپشن کے بغیر کوئی بھی مسئلہ صارفین کا حل نہ ہوناحکومتی نا اہلی ثابت کر رہا ہے ۔ اہلیان سیالکوٹ نے گیپکو کی لاپرواہی سے جاری بجلی کی بد ترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔