لوکل زکوٰۃ کمیٹیوں،ضلعی چیئر مین کی تقرری نہ ہوسکی،مستحقین امداد سے محروم
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت کی طرف سے چھ ماہ گزرنے کے باوجودضلع میں1302 لوکل زکوۃ کمیٹیوں اور ضلعی چیئرمین کی تقرری تاحال نہ ہوسکی ۔۔۔
جس کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد مستحقین مالی امداد ،تعلیمی وظائف اور دیگر حکومتی امداد سے محروم چلے آرہے ہیں، پنجاب حکومت نے محکمہ بیت المال اور زکوۃ عشر کمیٹیوں کے فنڈز کا اجرا بھی روک رکھا ہے ،ذرائع کے مطابق شہرکی343 ،تحصیل صدر227،تحصیل وزیر آباد 315،تحصیل نوشہرہ ورکاں185،تحصیل کامونکی206 لوکل کمیٹیاں کام کر رہی تھیں۔سابق حکومت کے دور میں مذکورہ کمیٹیوں کی تشکیل کی گئی تھی جن کی مدت ختم ہونے پر ان کو کام سے روک دیا گیا تھا اور نئی کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے 300 چناؤکمیٹیاں تشکیل دے کر انہیں ایک ماہ میں مقامی کمیٹیوں کیلئے چیئرمین،وائس چیئرمین اور ممبران کا چناؤ مکمل کرنیکی ہدایت کی گئی تھی مگرتاحال لوکل کمیٹیاں التوا کا شکار ہیں،انتظامی افسروں کا کہنا تھا کہ کمیٹیوں کی تشکیل نو کیلئے کام جاری ہے اور جلد ان کی فہرست تیار کرکے حکومت کو ارسال کی جائیگی جس سے فنڈز کا اجرا ہوگا۔