اعزازی قونصل آسٹریلیا کا گوجرانوالہ بزنس سینٹر کا دورہ
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)آسٹریلیا کے اعزازی قونصل اور نیٹ سول ٹیکنالوجیز کے سی،ای،او سلیم غوری نے گوجرانوالہ بزنس سینٹر میں قائم میڈ ان گوجرانوالہ انکلوژر کا دورہ کیا، اس موقع پر سلیم غوری کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ پاکستان کا ایک بڑا صنعتی شہر ہے جو انجینئرنگ کی مصنوعات میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔
ایک چھت تلے گوجرانوالہ کی تمام بڑی صنعتوں کو اکٹھا کرنا بڑا احسن اقدام ہے جس کے لیے جی،بی،سی کی ٹیم تعریف کی مستحق ہے ،میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر کی طرز پر پاکستان کے ہر بڑے صنعتی شہر میں ایسے ڈسپلے سینٹرز ہونا چاہییں، اس سے پاکستانی صنعتوں کو تشہیر اور ایکسپورٹ کو بڑھانے میں مدد ملے گی ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر مشکل وقت سے گزر رہا ہے لہذا بزنس کمیونٹی کو ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے نئی راہوں کو تلاش کرنا ہوگا، روایتی برآمدات کے ساتھ ساتھ نئی صنعتی برآمدات پر بھی کام کرنا ہوگا اس ضمن میں گوجرانوالہ کی انڈسٹریز بہت اہمیت کی حامل ہیں اسی طرح SME سیکٹر کی معاونت کرنے اور ان کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے غیر روایتی تجارتی مراکز کا رخ کرنا بھی بہت ضروری ہے ،اس موقع پر چیئرمین جی،بی،سی احمد اکرام لون کا کہنا تھا کہ نیٹ سول نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں آئی،ٹی انڈسٹری کا ایک بڑا نام ہے ، سلیم غوری کی گوجرانوالہ آمد پر بزنس کمیونٹی خصوصاً نوجوان صنعتکاروں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے ۔