چیمبر الیکشن، 1600پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دینگے
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)چیمبرآف کامرس الیکشن کے پولنگ ڈے کے حوالے سے پولیس نے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ،پولنگ ڈے پر 1600پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دینگے ، حالات پرامن رکھنے کیلئے دونوں گروپس سے خفاظتی مچلکے بھی طلب کر لیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق چیمبر آف کامرس کے انتخابات کے سلسلہ میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن رضوان طارق کیساتھ چیمبر کے دونوں گروپوں کے قائدین نے میٹنگ کی ،اس موقع پر ون یونٹی گروپ کی طرف سے اخلاق احمد بٹ، ملک ظہیر الحق، رانا شہزاد حفیظ جبکہ بزنس گروپ کی جانب سے میاں عمر سلیم، رانا صدیق خاں اور شیخ عامر رحمان و دیگر موجود تھے ، میٹنگ میں ضابطہ اخلاق پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں گروپوں کی اس حوالے سے رائے لی گئی ، بتایا جاتا ہے کہ پولیس افسران نے میٹنگ میں ابتدائی معاملات طے کر لئے ہیں ،پولنگ کے روز پولیس ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد کروائے گی ، دونوں گروپ پولیس کیساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے طے شدہ ضابطے پر عمل کرینگے ، سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہونگے ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن رضوان نے بتایا کہ جلد تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے گی اور ہر قیمت پر امن وامان برقرار رکھا جائے گا۔