ڈسکہ کی میونسپل لائبریری کی الماریوں میں دیمک لگ گئی
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار ) ڈسکہ کی میونسپل لائبریری کی الماریوں میں دیمک لگ گئی لاکھوں روپے کی کتابیں خراب ہونے کا خدشہ۔۔۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس کے سامنے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے زیراہتمام بنی میونسپل لائبریری میں پڑی ہوئی پلائی کی الماریوں میں دیمک لگ گئی ہے دیمک کی وجہ سے الماریوں میں پڑی ہوئی لاکھوں روپے مالیت کی کتابیں خراب ہونے کاخدشہ ہے ، دیمک کے باعث اب تک درجنوں کتابیں خراب ہوچکی ہیں اگر ان الماریوں کو تبدیل نہ کیاگیاتو یہ دیمک وہاں پرباقی بچ جانیوالی کتابوں کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لے گئی اور لاکھوں روپے کی کتابیں خراب ہوسکتی ہیں، ڈسکہ کی میونسپل لائبریری کے ملازمین نے بتایاکہ روزانہ کی بنیاد پر کتابوں والی الماریوں کی صفائی کی جارہی ہے مگر دیمک ختم ہونے کانام ہی نہیں لے رہی ،روزانہ کتابوں والی الماریوں میں کیڑے مکوڑوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے جو کتابوں کوبھی کاٹ کاٹ کر کھارہے ہیں اب تک درجنوں کتابیں خراب ہوچکی ہیں، میونسپل لائبریری کی الماریوں کو فی الفور تبدیل کیاجائے تاکہ جو کتابیں باقی رہ گئیں ہیں ان کو محفوظ کیاجائے ،شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔