گوجرانوالہ تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم:جمعیت طلبہ

گوجرانوالہ تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم:جمعیت طلبہ

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )ناظم اسلامی جمعیت طلبہ گوجرانوالہ ڈویژن حافظ محمد یحییٰ نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ پاکستان کا تیسرا بڑا انڈسٹریل شہر ہے ، جو پاکستان کی جی ڈی پی میں پانچ فیصد حصہ ڈالتا ہے اور یہ پانچ فیصد حصہ سالانہ ٹوٹل بجٹ کا اربوں روپے بنتا ہے ۔

 اس کے باوجود یہ گوجرانوالہ شہر تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، اس شہر کے پاس 77 سال گزر جانے کے بعد بھی آج تک ایک اپنی سرکاری یونیورسٹی موجود نہیں ہے ، جس کی وجہ سے ہر سال 25 ہزار طلبہ و طالبات کو شہر سے باہر جا کر تعلیم حاصل کرنی پڑتی ہے ۔ گوجرانوالہ کے طلبہ اپنے ہی ملک میں رہ کے دوسرے شہروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے جا کے پردیسیوں والی زندگی گزارتے ہیں۔ آج تقریبا چار سال ہو گئے ہیں کہ گوجرانوالہ یونیورسٹی کی بنیاد رکھی ہوئی ہے ، لیکن آج تک صرف زمین کلیئر کروانے اور اس کے اوپر چند اینٹیں لگانے کے سوا کوئی کام نہیں ہو سکا، نگران حکومت نے یونیورسٹی کیلئے ساڑھے چار ارب روپے کا بجٹ منظور کیا تھا لیکن وہ سارا پیسہ آج تک یونیورسٹی پہ نہیں لگ سکا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حذیفہ سکندر،اسامہ سبحان، حمید اللہ خان مروت، ثمر چیمہ اور طلحہٰ نعیم بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور طلبہ کے تمام مسائل کو حل کرے نہیں تو ہم طلبہ کے ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مزاحمت کے ہر ممکن حل تک جائیں گے ۔ اس کے لیے ہمیں احتجاج، ریلیاں جو کچھ بھی کرنا پڑا ہم کریں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں