بی آئی ایس پی عملہ پر خواتین سے پیسے بٹورنے کا الزام

 بی آئی ایس پی عملہ پر خواتین سے پیسے بٹورنے کا الزام

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا عملہ خواتین سے پیسے بٹورنے لگا، جلدی باری آنے کے لیے ٹاؤٹ مافیا کے ذریعے ایک ہزار روپے رشوت لی جاتی ہے ۔۔۔

شیخوپورہ موڑ پر سپورٹس کمپلیکس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی قسط لینے کیلئے آنیوالی خواتین کا الزام کمشنر گوجرانوالہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا، تفصیل کے مطابق صوبائی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اقساط کی تقسیم کیلئے مختلف علاقوں میں پرائیویٹ فرنچائز کو ختم کر کے میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ اور شیخوپورہ موڑ پر سپورٹس کمپلیکس میں کیمپ لگا دئیے ہیں جہاں روزانہ صبح پانچ بجے ہزاروں خواتین آ کر لائنوں میں لگ جاتی ہیں اور سارا دن خوار ہونے کے بعد قسط نہ ملنے پر گھروں کو واپس لوٹ جاتی ہیں، کیمپ میں قسط لینے کے لیے آنے والی خواتین ثمینہ، سعدیہ، فرزانہ، نسیم اختر، شاہدہ و دیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہم تین دن سے مسلسل آ رہے ہیں لیکن ہماری باری نہیں آتی۔  سنٹر کے ملازمین ٹاؤٹ مافیا کے ذریعے ایک ہزار روپے فی کس لے کر جلدی پیسے دے رہے ہیں جس کی وجہ سے روزانہ ہزاروں خواتین خالی ہاتھ واپس چلی جاتی ہیں، متاثرہ خواتین نے کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سنٹرل کا سرپرائز وزٹ کریں تو ساری حقیقت ان کے سامنے آ جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں