سرکاری اداروں میں معیار تعلیم مثالی بنائینگے :ڈی سی
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر )اساتذہ میرے دل کے بہت قریب ہیں ان کے ساتھ مل کر سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو مثالی بنایا جائے گا میں خود بھی بطور استاد فرائض سر انجام دے چکا ہوں جس پر مجھے فخر ہے ۔۔۔
اساتذہ حقیقی معنوں میں قوم کے معمار ہیں طلبا کی کردار سازی اور انہیں معاشرے کا اچھا شہری بنانے کیلئے اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ میں سلام ٹیچرز (ورلڈ ٹیچرز ڈے ) کے دن کے موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خواتین اور مرد اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور جو اساتذہ اس سال بہتر پرفارم نہیں کریں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی اسی طرح بھرپور محنت کریں تاکہ تمام سرکاری سکولوں کے طلباء معیاری تعلیم اور اچھی پوزیشنز حاصل کر سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اساتذہ کے عالمی دن کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے نجیب میموریل گرلز ہائی سکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ضلع میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں سرٹیفکیٹ اور تحائف تقسیم کئے ۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن خالد جاوید اعوان، ڈی او سیکنڈری شیخ الطاف اور دیگر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ اس دن ہمیں اساتذہ کو عزت اور احترام سے یاد کرنا چاہیے ۔ ہمیں اساتذہ کا معاشرے میں کلیدی کردار کا احساس کرنا چاہیے اور اس کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے اساتذہ کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے ۔