سپیشل بچے ہماری توجہ اور تعاون کے مستحق ہیں:مقررین
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دُنیا )گورنمنٹ سپیشل ایجو کیشن سکول کے زیر اہتمام بصارت سے محروم افراد کے عالمی دن (سفید چھڑی) کے سلسلہ میں جناح پبلک ہا ل میں تقریب کاانعقاد کیا گیا۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی انصر ساہی ، انچار ج پرنسپل راحیلہ حنیف ،سابق ضلع ناظم کرنل (ر)علی احمد اعوان ، امتیا ز علی ، ممتاز ماہر تعلیم عمران حبیب اور مبین احمد،عبدالجبار رضاانصاری سمیت سکول اساتذہ ،سپیشل بچوں اور معززین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ آج کے عالمی دن کے موقع پر بصارت سے محروم ان تمام طلبا و افراد کو خراج تحسین پیش کر نا ہے جنہوں نے بنائی نہ ہونے کے باوجود مقامی اور قومی سطح پر اپنی خدمات سر انجام دیں کسی بھی معذوری کا شکار تمام سپیشل بچے ہماری خصوصی توجہ اور تعاون کے مستحق ہیں ۔ہمیں چاہیے کہ ایسے افراد سے ہر ممکن تعاون کر تے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انکے لئے ایسے مواقع پیدا کیے جائیں جس سے یہ نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں بلکہ بہتر روز گار کے ذریعے معاشرے کے لیے ایک مثال ثابت ہوں ۔ مقررین کاکہنا تھا کہ بصارت سے محروم او ر دیگر معذوری کے شکار افراد میں بھی خداداد صلاحیتیں ہوتی ہیں جو کسی بھی نارمل انسان میں شامل ہیں۔سکول کے بصارت سے محروم بچوں میں سفید چھڑیاں تقسیم کی گئیں جبکہ سپیشل بچوں نے ملی نغمے ، تقریریں ،ٹیبلوز اور دیگر پروگرام بھی پیش کئے ۔