سیالکوٹ:مال مقدمہ کی موٹر سائیکلیں کباڑ بن گئیں
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ پولیس کی غفلت اور لاپروا ئی کے نتیجہ میں مال مقدمہ میں پکڑی گئیں لاکھوں کی متعدد موٹر سائیکلیں تھانوں میں کباڑ بن گئیں۔پولیس اہلکار موٹر سائیکلوں کے قیمتی پرزے لے گئے۔۔۔
باقی سامان نشئی اہلکاروں کے دھویں میں اڑ گیا۔کباڑ کھڑی موٹر سائیکلوں کا کوئی پرسان حال نہیں، سالوں سے زیر التوا مقدمات میں پکڑی جانیوالی موٹر سائیکلیں ناقابل شناخت ہو گئیں۔ سیالکوٹ اور گوجرانوالہ ریجن کے متعدد تھانوں میں ٹریفک حادثات ، چوری ، رہزانی اور قتل وغیر کے سنگین مقدمات میں کئی سالوں سے پکڑی گئیں موٹر سائیکلیں محفوظ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے کھلے آسمان تلے پڑی کباڑ ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بیشتر تھانوں کے کرپٹ اہلکارو ں نے مال مقدمہ کی ان گاڑیوں کے پرزے اور دیگر سامان فروخت کر دیا اور کئی نشئی اہلکار موٹر سائیکلوں سے لوہے کا سامان اتار کر فروخت کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دیہاتی تھانوں میں مال مقدمہ میں پکڑی گئی بیشتر موٹر سائیکلیں پولیس اہلکاروں اور تھانوں کے ٹاؤٹوں کے زیر استعمال ہیں اور کئی مدعی ہی مجبور ہو کران موٹر سائیکلوں کے پٹرول کے اخراجات بھی برداشت کر رہے ہیں ۔