اتائیوں ‘غیر قانونی میڈیکل سٹورز کیخلاف کا رروا ئی کا حکم
گجرات (سٹی رپورٹر،نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عطائیوں، جعلی اور بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنیوالے افراد کیخلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے ، ڈیوٹی میں غفلت برتے والے ڈرگ انسپکٹرز و عملہ کیخلاف بھی کارروائی کی جائیگی،شہریوں کی صحت سے کسی فرد کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ،سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ مہوش ابرار، ڈاکٹر افضل چودھری، ڈرگ انسپکٹر شاہد الحسن، عمران خالد، اختر علی بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں مجموعی طور پر7کیسز سماعت کیلئے پیش کئے گئے ،سنگین نوعیت کے ایک کیس کو ڈرگ کورٹ ریفر کردیا گیا جبکہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیاں کرنیوالے میڈیکل سٹور مالکان کو وارننگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنیوالوں اور عطائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید موثر بنایا جائے ، بغیر کوالیفائیڈ پرسن کے کسی میڈیکل سٹورز کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔