ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ایک سال بعد بحال
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)اندرون شہر گوجرانوالہ کے واحد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کو ایک سال بعد دوبارہ بحال کردیاگیا، پونے دو ارب روپے کی لاگت سے ہسپتال کی عمارت کی تزئین وآرائش اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔۔۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اور انچارج ڈی ایچ کیو ہسپتال وایم پی اے نواز چوہان نے باقاعدہ ہسپتال کا افتتاح کردیا ،اس دوران ایم ایس سول ہسپتال اور تمام شعبہ جات کے ڈاکٹرز وپیرامیڈیکل سٹاف بھی موجود تھا،ہسپتال انتظامیہ نے دعویِ کیا کہ ہسپتال کے ٹراما سنٹر سمیت تمام شعبہ جات میں طبی سہولیات کی فراہمی کا دوبارہ سے آغاز ہوچکا ہے ، ڈاکٹرز اورعملہ کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں، میڈیکل کالج ہسپتال میں بھی مریضوں کا علاج جاری رہے گا،ذرائع کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں اندرون شہر کے واحد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کی تعمیر ومرمت کیلئے عارضی طور پر بند کرکے 14کلو میٹر دور گائوں گوندلانوالہ میں میڈیکل کالج سے ملحقہ نئے ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا لیکن اندرون شہر ہسپتال کی تعمیر ومرمت تاخیر کا شکار رہی ہسپتال کی مرمت کیلئے صرف تین ماہ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن تعمیرومرمت میں نو ماہ کی مزید تاخیر ہوئی ۔