جھوٹے مقدمات حق و سچ کو نہیں روک سکتے :احمد چٹھہ
وزیر آ باد ،علی پور چٹھہ(نامہ نگار ‘تحصیل رپورٹر )تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی چودھری محمد احمد چٹھہ نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں ظلم و ستم ڈھایا جا رہا ہے جو کہ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا، جھوٹے مقدمات حق و سچ کا ساتھ دینے سے نہیں روک سکتے ۔
ممبر قومی اسمبلی محمد احمد چٹھہ نے اینٹی کرپشن عدالت گوجرانوالہ سے ضمانت کنفرم ہونے پر اپنے وکلا صدر بار ضلع وزیرآباد رانا خلیل احمد خان اور ساتھیوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فاشسٹ حکومت عوامی مینڈیٹ کو روند کر براجمان ہوئی ہے اور ملک کو دیوالیہ کردیا ہے ،ظلم جتنا بھی بڑھ جائے ایک دن ختم ہو ہی جاتا ہے لیکن ظالم کا نام ہمیشہ تاریخ میں لکھا جاتا ہے جس کو آنیوالی نسلیں کئی صدیاں یاد رکھتی ہیں۔جس طرح اس جعلی مینڈیٹ چور حکومت نے اپنے آپ کی چوری چھپانے کیلئے ترامیم کی ہیں وہ سب قوم دیکھ چکی ہے لیکن یہ جعلی حکومت پھر بھی خود کو مطمئن نہیں کرسکی، ملک میں غربت مہنگا ئی ، بے روزگاری اپنے عروج پر ہے ، موجودہ حکومت اپنی عیاشیوں کی خاطر عوام پر ٹیکس کا ناجا ئز بوجھ ڈال کر عوام دشمنی کا مکمل ثبوت پیش کر رہی ہے ۔کسان اس ملک کی اصل طاقت ہیں شرم کی بات ہے کہ ایک وزیراعلیٰ کسان کو مافیا کہہ رہی ہے ،ان الفاظ نے کسانوں کے دل پر زہر لگایا ہے جس کو کبھی کسی صورت بھلایا نہیں جاسکتا،ہم عوامی طاقت سے ہمیشہ عدالتوں کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے ۔