حکومت صوبے میں کھیل کے فروغ کیلئے کوشاں :اقبال گجر

 حکومت صوبے میں کھیل کے فروغ کیلئے کوشاں :اقبال گجر

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سابق صوبائی وزیر چودھری اقبال گجر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے ۔۔۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے پوری تندہی سے کام جا ری ہے ’’کھیلتا پنجاب ‘‘پروگرام ن لیگی قیادت کے کھیل دوست ویژن کا عملی اظہار ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوندلانوالا میں نیزہ بازی مقابلوں کے موقع پر بطور مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جس سے نوجوانوں کا کھیلوں کی طرف ایک بار پھر رجحان بڑھ رہا ہے اور وہ صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں،اس موقع پر سابق ایم پی اے بلال فاروق تارڑ،توفیق بٹ اور سابق چیئرمین حاجی شعیب بٹ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں انہیں کھیلوں کے بھرپور مواقع فراہم کر کے مفید شہری بنایا جا سکتا ہے اور ملک و قوم کے لیے بے شمار اعزازات جیتے جا سکتے ہیں۔ ن لیگی رہنماؤں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بنائی گئی پالیسی انتہائی قابل تعریف ہے جس سے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ اور مقابلوں کا مثبت رجحان پیدا ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں