سیالکوٹ:اساتذہ کی حکومتی اقدامات کیخلاف احتجاجی ریلی
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سیالکوٹ کے اساتذہ نے بھی ایجوکیشن کمپلیکس سے چوک علامہ اقبال تک احتجاجی ریلی نکالی۔۔۔
اس موقع پر محمد امتیاز طاہر مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب پروفیسر انیڈ لیکچرار ایسوسی ایشن پنجاب کی صدر فائزہ رعنا جنرل سیکرٹری محبوب عارف امیر جماعت اسلامی امتیاز احمد بریار نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی پرائیویٹ مینجمنٹ کو حوالگی کے خاتمے ، TNA ٹیسٹ کے خاتمے ، لیو انکیشمنٹ کی بحالی، ایس ایس ایز اور اے ای اوز کی غیر مشروط مستقلی اور اساتذہ کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں کو فی الفور روکا جائے ۔ اس موقع پر اساتذہ رہنماؤں انعام اﷲرضوان میرفیصل نذیر،حافظ محمد اکرم،میاں امتیاز،محمد اصغر کاہلوں،امتیاز چیمہ،ملک محمد اعظم، مدثر اقبال،محمد حسین،رفاقت باجوہ،جاوید کھوکھر،میاں یوسف،نور اعجاز ساہی،رانا عبد الحفیظ،صیم قریشی،محمد اختر میو،سعید میو، صدف گیلانی،افشاں ابراہیم ،سونیا ،انعم،طاہرہ یاسمین،مبین اختر،رفعت یاسمین ودیگر نے کہا کہ برطرفیاں، معطلیاں، سرنڈرنگ اور شوکاز نوٹسز ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ اساتذہ صبر و احترام کا دامن تھامے ہوئے ہیں۔ اساتذہ ناموافق حالات کے باوجود ملک وقوم کی خدمت کر رہے ہیں لیکن ایک منظم سازش کے تحت انہیں بدنام کیا جا رہا ہے ۔ اساتذہ کیپسٹی بلڈنگ، ٹیچر ٹریننگ یا ریفریشر کورس کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ TNAٹیسٹ اساتذہ کے خلاف سازش ہے ہم اساتذہ کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔