حافظ آباد:اپنی چھت اپنا گھر،رقوم کی تقسیم شروع
حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دُنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی قر عہ اندازی میں کامیاب شہریوں میں رقوم کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا۔
پہلے مرحلہ کے خوش نصیب منتخب افراد کو رقوم کی پہلی قسط جاری کر دی گئی ۔سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ، اراکین صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین بھٹی ، میاں عون جہانگیر بھٹی، ٹکٹ ہولڈر شیخ گلزار احمد، تہور حسین تارڑ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اﷲ ،اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں اشفا ق احمد نے قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے افراد کو انکے گھر وں تک جاکر وزیر اعلیٰ کے پروگرام اپنی چھت اپنا گھر کے لیٹر ز تقسیم کیے ۔ سائرہ افضل تارڑ اور اراکین صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین بھٹی، عون جہانگیر بھٹی کاکہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے وعدوں کی تکمیل کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود ، ریلیف اور تعمیرو ترقی کے جو اقدامات کر رہی ہے ماضی میں انکی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انکاکہنا تھا کہ میرٹ اور انتہائی شفاف طریقے سے قرعہ اندازی کے ذریعے وزیر اعلیٰ کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے خوش نصیبوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے ساڑھے 7لاکھ روپے کی پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے ۔ انکاکہنا تھا کسانوں ، زمینداروں ، مویشی پال حضرات کی ترقی کے لیے مثالی اور انقلابی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔