اللہ کی بندگی سے منحرف امت مقام کھو چکی:ڈاکٹر عبیداللہ
وزیرآباد(نامہ نگار)سابق نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ گوہر نے کہا ہے کہ اقامت دین کی جدو جہد اصل زندگی ہے ، جماعت اسلامی اقامت دین کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔۔۔
غلبہ اسلام کے لیے جدو جہد کا جذبہ تمام جذبوں پر حاوی ہے ، امت اللہ تعالٰی کی بندگی سے منحرف ہو کر مقام کھو چکی ،جب تک اللہ کا نظام نافذ نہیں ہوتا قیام پاکستان کے مقاصد پورے نہیں ہونگے ، وہ جماعت اسلامی وزیرآباد کے نومنتخب ضلعی امیر ناصر محمود کلیر کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر ناصر محمود کلیر نے ضلعی امیر،ندیم صادق تارڑ نے یو سی 25/1اور رفیق نعیم نے 27/3 یوسی کا حلف اٹھایا، اس موقع پر حافظ فرحان منیر، جاوید مغل،یاسین صدیقی،رانا ارشد، محمد اطہر،صابر حسین بٹ،سیف اللہ،سلیم کلیر،امجد محمود،نذر محمد چیمہ،سجاد چیمہ سمیت متعدد ذمہ داران موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام فرعونی سوچ کا قائم کردہ ہے ، استحصالی نظام کا خاتمہ کیے بغیر ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نہیں نکالا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کی سوچ اور کوششوں نے قوم کو نیا جوش و ولولہ دیا ہے ،پاکستان بھر میں لاکھوں افراد کی جماعت اسلامی میں شمولیت اسکی روشن مثال ہے ، ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف جماعت اسلامی کی کوششوں سے ہی ملے گا اور عوام کے مسائل و مصائب و آلام کا خاتمہ انشا اللہ جماعت اسلامی کرے گی اور ملک کو ترقی کی سمت لے کر جائیں گے موروثی سیاست کا خاتمہ اور لاقانونیت و جبر کا تسلسل جماعت اسلامی توڑ کر رہے گی۔