محفوظ سفر کی فراہمی کیلئے گرین ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ ، ٹرانسپورٹرز سے پلان طلب
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی زیر صدارت اہم اجلاس ، شہر کی سٹریٹ لائٹس ، گرین بیلٹس ، مانومنٹس کو صاف اور خوبصورت بنانے۔۔۔
شہر میں ٹریفک مسائل کو حل اور شہریوں کو محفوظ سفر کی فراہمی کیلئے گرین ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ، متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپتے پلان طلب کر لیا ۔فیصلہ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت متعلقہ افسروں کے اہم مشاورتی اجلاس میں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری آر ٹی اے اور دلچسپی رکھنے والے ٹرانسپورٹر سے 2 روز میں پلان طلب کرلیا ۔ گرین ٹرانسپورٹ سے شہریوں کو محفوظ، معیاری سفر کی سہولیات میسر آئیں گی، جی ٹی روڈ پر ٹریفک نظام بھی بہتر ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر گوجرانوالہ میں میگا پروجیکٹ سگنل فری جی ٹی روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر جلد آغاز کیلئے ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں سے ملاقات کی اورانہیں اپنی سروسز کی فوری شفٹنگ کا آغاز کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شرکا سے کہا کہ یہ منصوبہ گوجرانوالہ میں ٹریفک کے نظام کومؤثر بنانے سمیت شہر کی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔