سیالکوٹ :حکام کی غفلت ، شہر فلتھ ڈپو میں تبدیل
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت ولاپروا ئی ، شہر فلتھ ڈپو میں تبدیل، گلی ،محلے گندگی سے اٹ گئے ، نالیوں کا پانی جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگا۔۔۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں گنجائش سے زائد ملازمین بھرتی کرنے کے باوجود شہر کی صفائی ستھرائی میں ناکام ہوچکی ہے ۔خادم علی روڈ، شہاب پورہ روڈ، مبارک پورہ، میانہ پورہ، حاجی پورہ، واٹر ورکس، پورن نگر، پیرس روڈ، کچہری روڈ، ایبٹ روڈ، کرسچین ٹاؤن، مظفر پور ،روڑس روڈ، کچا شہاب پورہ، بجلی محلہ، چرچ روڈ سمیت متعدد علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں سیوریج کا پانی جمع ہونے سے گلیاں محلے جوہڑ کا منظر پیش کررہے ہیں۔ بدبو سے شہریوں کی زندگی عذاب بن چکی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ کام پر توجہ نہیں دیتا جبکہ سابق حکومت نے انہیں ہیوی مشینری مہیا کی تھی لیکن ملازمین گندگی کے انبار کو اٹھانا بھی گوارا نہیں کرتے ۔ شہریوں نے سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ علاقوں کا دورہ کیا جائے اورڈیوٹی میں غفلت برتنے والے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔