ڈسکہ :گیس بندش پر صارفین کا چولہے ، برتن اٹھاکر احتجاج
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )ڈسکہ شہرمیں سوئی گیس نہ آنے پر خواتین اورمردچولہے اور برتن اٹھا کر سراپا احتجاج بن گئے۔۔۔
علاقہ بھرمیں موسم سرما شرو ع ہونے سے قبل ہی سوئی گیس والوں کی طرف سے شہریوں کو گیس کی فراہمی بند کردی گئی تھی اب تو یہ حال ہے کہ گھریلو صارفین کو کئی ہفتوں سے گیس نہیں مل رہی جس کی وجہ سے خواتین کو کھانا بنانے میں پریشانی کاسامنا کرناپڑرہاہے ،شہری مہنگے داموں ایل پی جی 320روپے فی کلو خرید کر کھانا پکانے پرمجبور ہیں ۔مظاہرین نے بتایاکہ سوئی گیس والے ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہے ہیں ، کئی ہفتوں سے گھروں میں گیس نہیں آرہی ہم بازاری کھانا کھانے پرمجبورہیں، بازاری کھانے سے مختلف موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، ہم نے الیکشن میں ووٹ مسلم لیگ ن کو دئیے تھے کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہوسکے مگر اب تو پچھلے برسوں کی نسبت زیادہ گیس کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، گیس نہ ہونے کی وجہ سے بچے بغیرناشتہ سکول جانے پر مجبورہیں جب واپس آ تے ہی تب بھی گیس نہیں ہو تی شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔