انتظار گاہیں کم،بعض پر نشئیوں کا قبضہ،مسافر ٹرانسپورٹ کیلئے سڑکوں پر خوار
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں لوکل بسوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے انتظار میں مسافر سڑک پرکھڑے ہونے پر مجبور ،جہاں انتظار گاہ موجود ہے وہاں سیٹیں ہی موجود نہیں ہیں اگر کسی جگہ سیٹ موجود ہے تو وہاں نشئیوں نے قبضہ جما رکھا ہے ۔
گوجرانوالہ میں اندرون شہر جی ٹی روڈ پر لوکل بسوں کا سٹاپ 7مختلف مقامات پر ہوتا ہے ، اکثر سٹاپ پر تو سرے سے کوئی انتظار گاہ موجود نہیں اور جو ہیں وہ ناقابل استعمال ہیں جس کے باعث مسافروں کو سڑک پر کھڑے ہو کر بسوں کا انتظار کر نا پڑتا ہے ۔اکثر اوقات تیز بارش میں بھی کھڑا ہو کر انتظار کرنا پڑتا ہے ۔بزرگ ،بچے اور خواتین شدید گرمی میں بغیر سا یہ کھڑے رہتے ہیں۔میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خواتین اور بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے چند سٹاپس پر انتظار گاہوں کا انتظام کیا گیا تھا لیکن ان جگہوں پرکچرے کے ڈھیر نظر آنے لگے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ پر لوکل بس سٹاپس کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے اور ان کیلئے انتظار گاہ کا بھی بندوبست کیا جائے تاکہ بس کے انتظار میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔