تتلے عالی:زہریلے پانی سے تیار سبز یو ں کی فروخت
تتلے عالی(نامہ نگار )چھوٹی بڑی منڈیوں ،گلی بازاروں میں زہر آلود سبزیوں کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے ۔
تتلے عالی اور نواحی علاقوں سے 3سیم نالے گزرتے ہیں، مذکورہ ڈرینوں میں سیالکوٹ،وزرآباد،گکھڑ،گوجرانوالہ سمیت دیگر سینکڑوں دیہات قصبوں کاا ستعمال شدہ،کیمیکل ملا زہریلا پانی بہتا ہے ،بجلی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمت آسمانوں سے باتیں کرنے کی وجہ سے کاشتکاراس زہریلے پانی سے کھیتوں کو سیراب کر رہے ہیں۔ان کھیتوں سے مرچ، آلو، ٹماٹر، بینگن، شلجم، گاجر، گوبھی، بھنڈی توری، کدو مولی،ٹینڈے ودیگر سبزیاں نہ صرف تتلے عالی اور اس کے نواحی علاقوں بلکہ کامونکے ،گوجرانوالہ،نوشہرہ ورکاں،لاہور سمیت دیگر شہروں کی منڈیوں میں بھی بھجوائی جا رہی ہے جو شہروں دیہات کی گلیوں،بازاروں میں بیچی جا رہی ہیں۔۔طبی ماہرین کے مطابق فیکٹریوں کے کیمیکل ملے پانی سے تیار ہونے والی سبزی کینسر سمیت مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہے ۔ایوب زرعی ترقیاتی ادارہ کی ریسرچ میں گندے پانی سے سیراب کھیتوں میں تیار سبزیوں میں نکل،لیڈ، کیڈمیم، زنک، کروم،آئرن اورمیگانیز جیسی دھاتوں کی محفوظ مقدار سے زائد موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چند سال قبل ایسے سبزی وچارہ جات کے کھیتوں کو ہل چلا کر فصل کو تلف کر دیا تھا لیکن کارروائیاں بند ہونے پر سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ۔