مہنگائی کم کرنیکا حکومتی دعویٰ بے بنیاد:سنی اتحاد کونسل
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سنی اتحاد کونسل کے ڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ اور سابق ضلعی ناظم فیاض احمد چٹھہ نے کہا ہے کہ ٹرمپ جنگوں کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں تو آغاز فلسطین سے کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناموس رسالت کمپلیکس ساروکی چیمہ میں علامہ قاری رفیع الرحمان قادری کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی، گل نواز چیمہ،صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی،محمد ارشد چیمہ ممبر،ذوالفقار احمد چیمہ اور دیگر نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ہوس اقتدار میں جمہوریت اور قانونی اقدار کو دفنایا جا رہا ہے ،حکومت کا مہنگائی کم کرنے کا دعوٰی بے بنیاد اور ڈھکوسلہ ہے ،مہنگائی میں کمی صرف حکومتی تحریر و تقریر تک محدود ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس میں مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف مذمتی قراردادوں سے آگے نہیں بڑھے ،حقوق انسانیت کے علمبرداروں کو اسرائیل اور کشمیر میں دہشت گردی نظر نہیں آتی،اسلامی دنیا اقوام متحدہ سے خیر کی توقع رکھنے کے بجائے خود فیصلے کرے ،مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے امت مسلمہ کو ایک نیا بلاک بنانا ہوگا،جہاں انسانی حقوق کی آواز اٹھائی جا سکے ۔اسرائیل کی مسلسل دہشت گردی اور ظلم و بربریت پر اسلامی ممالک کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔