یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کا وفد سہہ فریقی لیبر کانفرنس میں شریک
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے جنرل سیکرٹری ضیا سید، صدر ثمینہ اشرف کامریڈ کی قیادت میں وفد نے سہہ فریقی لیبر کانفرنس میں شرکت کی اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و افرادی قوت سالک حسین سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سالک حسین نے ضیا سید کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال کے بعد انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر دو روزہ سہہ فریقی لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں لیبر ویلفیئرکے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ ہم سب کو مل کر لیبر کے حقوق کے لیے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے ، ہماری کوشش ہو گی کہ ہر سال سہہ فریقی لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے تا کہ لیبر کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند افراد کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت نے سعودی عرب کی 20 کمپنیوں کو آئندہ سال ہنر مند افراد کی فراہمی کے لیے معاہدے بھی کیے ہیں جبکہ سعودی عرب اور دبئی نے سیروسیاحت کے ویزا پر آ کر مختلف روزگار سے وابستہ ہونے کی کوشش کرنے والے افراد کے لیے قوانین میں سختی کی ہے ۔ عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ دو لاکھ روپے ایڈوانس ادا کر کے درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے باقی چار لاکھ روپے نام کی منظوری کے بعد ادا کرنے کی سہولت بھی میسر ہے ۔