سیالکوٹ:وال چاکنگ ختم ،آ وارہ کتوں کی تلفی کی ہدایت
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی چیف آفیسرز کو میونسپل کارپوریشن/کمیٹیز کی حدود سے ہر قسم کی وال چاکنگ ختم کرنے اور آوارہ کتوں کے سدباب کیلئے جاری مہم تیز کرنے اور منی پٹرول پمپس اور گیس کی غیر قانونی ڈی کنڈنگ کے خلاف سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کو متحرک انداز میں کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمانہ کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے طے کئے گئے انڈیکیٹرز کے مطابق افسران کو پرفارمنس کی پڑتال کیلئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں سموگ کا باعث بننے والے بھٹوں کو مسمار کیا جائے گا اور کسی ایسے بھٹے جو زگ زیگ کی ٹیکنالوجی کو استعمال نہیں کررہا ، کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ ماحولیات کے مقامی حکام کو بھٹوں کی چیکنگ کرنے اور ایسے بھٹے جو کالا دھواں چھوڑتے ہیں کو مسمار کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ دھواں چھوڑنے والی پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کریں اور ان کو جرمانے عائد کریں جبکہ گڈزٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ تب تک روڈ پر نہیں آئے گی جب تک یہ مکمل فٹ نہیں ہوگی۔