حافظ آباد:جعلی کرنسی سکینڈل ،سٹیٹ بینک کی جانب سے کیش کی ویری فکیشن
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں نجی بینک کے ملازم کی جانب سے جعلی کیش سکینڈل سامنے آنے کے بعد جہاں حبیب بینک مدھریانوالہ روڈ کے ملازم یاسر حبیب کو ایف آئی اے نے حراست میں لیکر تحقیقات شروع کررکھی ہیں وہاں اسٹیٹ بینک کی ٹیم نے یہاں پہنچ کر نیشنل بینک مین برانچ حافظ آباد کے خزانہ میں حبیب بینک کی جانب سے جمع کرائے جانے والے کیش کی ویری فیکیشن کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہواہے ۔
ذرائع کے مطابق نجی بینک کے جمع کرائے جانے والے کیش سے مزید پانچ پانچ ہزار جعلی نوٹ برآمد ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے ۔یہاں امر قابل ذکر ہے کہ اسٹیٹ بینک حبیب بینک مدھریانوالہ روڈحافظ آباد کی برانچ سے جمع کرائے گئے کیش سے پانچ پانچ ہزارکے 400جعلی نوٹ نکلنے پر مذکوہ بینک کو دوکروڑ روپے کی پینلٹی ڈال چکا ہے اور اب مزید پینلٹی ڈالے جانے کا امکان ہے ۔