خصوصی انسدادِ پولیو مہم ، 4059 موبائل ٹیمیں تشکیل
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر ) پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی انسدادِ پولیو مہم 16 سے 20 دسمبر تک ہوگی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ محکمہ صحت کو اس مہم کی کامیابی کے لیے درکار افرادی قوت اور لاجسٹک وسائل مہیا کیے جائیں اور انسدادِ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس انتظامات کرے تاکہ ٹیمیں اپنے فرائض بلا خوف ادا کرسکیں۔
ٹیموں کی سو فیصد فیلڈ میں بروقت موجودگی بھی یقینی بنائی جائے ، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے تعلیمی اداروں کو موسم سرما کی چھٹیوں سے قبل اور 20 دسمبر سے پہلے بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں اور انسدادِ پولیو مہم کے دوران محکمہ ایجوکیشن محکمہ صحت کے ساتھ درکار وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل تعاون کریں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر معیز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران گوجرانوالہ اور وزیرآباد کے 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ مہم کے لیے 4059 موبائل ٹیمیں، 161 فکسڈ اور 73 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیو ٹیمیں مراکز صحت، گھروں، ریلوے سٹیشنوں، سکولوں، لاری اڈوں ویگن سٹینڈز وغیرہ پر ذمہ داریاں سر انجام دیں گی۔ مائیکرو پلان، ٹیموں کی مانیٹرنگ کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔