بھتہ خور گینگ کے اہم رکن سعودی عرب سے گرفتار
![بھتہ خور گینگ کے اہم رکن سعودی عرب سے گرفتار](https://dunya.com.pk/news/2024/December/12-03-24/news_big_images/2441858_23551181.jpg)
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)پولیس نے انٹرپول کی مدد سے انٹرنیشنل بھتہ خور گینگ کے اہم رکن کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا، گرفتاراشتہاری ملزم بھتہ خور فادی جٹ کا شوٹر تھا۔
پولیس کے سپیشل آپریشنز سیل نے انٹر نیشنل بھتہ خور گینگ کے اہم رکن ذیشان کو انٹر پول کی مدد سے سعودی عرب سے گرفتار کرلیا ہے ،گرفتار اشتہاری ملزم جو کہ بھتہ خور فادی جٹ کا مبینہ طور پر شوٹر ہے ، ملزم بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور تھانہ گکھڑ منڈی پولیس کو 3سال سے مطلوب تھا،پولیس کا کہنا تھا کہ سپیشل آپریشنز سیل نے انٹرپول سے اشتہاری کا ریڈ نوٹس جاری کرایا،سپیشل آپریشنز سیل اور سعودی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا تاہم انتہائی خطرناک ملزم کو پاکستان منتقل کردیا گیا ہے ، سی پی او ایاز سلیم کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کا اولین فرض ہے ۔