کھیلتا پنجاب پروگرام ،بین المدارس کرکٹ ٹورنامنٹ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے کھیلتا پنجاب پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں بین المدارس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقادکیا گیا ۔
جس میں ضلع بھر سے مختلف مدارس کے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت ۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر ایم، کنونیئر دینی مدارس محمد سعید احمد صدیقی اور کمیٹی ممبران مولانا جواد محمود قاسمی، مفتی شعبان قادری، حافظ عمران عریف، ناصر علی ورک کے علاؤہ کھلاڑیوں، شہریوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء میں بھی دیگر طلباء کی طرح کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد ناگزیر ہے دینی طلباء کیلئے حکومتی سطح پر کھیلوں کے انعقاد کا مقصد ان میں آگے بڑھنے کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے ،انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کھیلتا پنجاب پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ دینی مدارس کے طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے آئندہ بھی مختلف گیمز کا انعقاد کراتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیل انسانی زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں جو نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی سکون کے لیے بھی ضروری ہیں۔ یہ ہمیں ٹیم ورک، نظم و ضبط، اور مستقل مزاجی جیسے اہم اصول سکھاتے ہیں۔