سودی نظام کے خاتمے خوشحالی نہیں آ سکتی :ڈاکٹر سلیم

گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے گزشتہ روزپنجاب گروپ آف کالجز جلالپورجٹاں کے سال اول کے طلبا کے اعزازمیں دی گئی ویلکم پارٹی میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی پرنسپل زنیر ہ عاشق،اساتذہ کرام اورطالب علموں نے پرتپاک استقبال کیا اس موقع پرانجینئر ناظم جمیل، راجہ نعیم خاور بھی موجود تھے۔
طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے امیرصوبہ ڈاکٹرطارق سلیم نے طلبہ کو نصابی ہم نصابی سرگرمیوں کیساتھ اچھے اخلاق،بہترین تعلیم وتربیت، اور والدین اساتذہ اور ملک وملت کا قابل فخر سرمایہ بننے کی تلقین کی اور کہا نبی رحمت صل اﷲ علیہ والہ وسلم نے استاد اور والدین کی عزت وتکریم کا حکم دیا ہے ،ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ جب تک ملک میں سودی نظام قائم ہے اس وقت تک خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، حکمرانوں نے پورے معاشی نظام کو ہی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے جو بھی حکومت بر سر اقتدار آئی اس نے آئی ایم ایف کے در پر سجدہ ریز ہونے میں ہی عافیت جانی۔ انہوں نے کہاکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے ، عوام کے لئے بل ادا کرنا محال ہوگیا ہے ، تاجر دوہری مصیبت میں مبتلا ہیں، گھر اور دکان کے بجلی کے بل ادا کرنے کے لئے رقم میسر نہیں رہی۔ بجلی کے بلوں، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے عوام فاقہ کشی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کررہے ہیں۔