جی ڈی اے 23سال سے ٹیکس نادہندہ:15کروڑ روپے واجب الادا
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)جی ڈی اے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا 15کروڑ روپے کا نادہندہ نکلا،محکمہ ایکسائز کی جانب سے جی ڈی اے کو نوٹس ۔
،ٹیکس کی عدم ادائیگی پر جی ڈی اے پلازہ ،ٹرسٹ پلازہ اور دکانیں سیل کرنے کا فیصلہ۔بتایا گیا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں ٹرسٹ پلازہ جس میں 130دکانیں اور دفاتر ہیں جو کہ گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ملکیت ہیں جن سے ماہانہ لاکھوں روپے کرایہ جی ڈی اے وصول کرتا ہے اسی طرح سول لائن میں دومنزلہ پلازہ بھی جی ڈی اے کا ہے جس میں دفاتر ،ٹریول ایجنٹس کے دفاتر اور فرنیچر شو روم ہیں ۔ان سے بھی ماہانہ لاکھوں روپے کرایہ جی ڈی اے وصول کر تا ہے لیکن جی ڈی اے کی جانب سے محکمہ ایکسائز کو 2001سے ٹیکس نہیں جمع کروایا گیا جو کہ 15کروڑ روپے بنتا ہے ، جی ڈی کی جانب سے ٹیکس جمع نہ کرانے کی وجہ سے سرچارج بھی بڑھتا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرچارج 4 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے ۔محکمہ ایکسائز نے جی ڈی اے کی جانب سے ٹیکس جمع نہ کر انے پر2سال قبل انہیں شو کاز نوٹس بھجوا یا تھا لیکن جی ڈی اے نے حکم امتناعی لے لیا تھا جو اب خارج ہو گیا ہے ۔ ایکسائز کی جانب سے جی ڈی اے کو اب دوبارہ نوٹس بھجوایا گیا ہے ۔ڈائر یکٹر ایکسائز ثوبیہ مالک کا کہنا ہے کہ ٹیکس نادہند ہ کوئی بھی ہے اس سے ٹیکس ہر صورت وصول کیا جائے گا۔