پنجاب یونیورسٹی گوجرانوالہ کیمپس میں تقریب تقسیم اسناد
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی گوجرانوالہ کیمپس کے زیر اہتمام دسویں تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد، بی ایس اور ایم فل کی تعلیم مکمل کرنے والے 832طلبہ و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
پرو وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود ڈاکٹر مبشر منور خاں، ڈاکٹر شہزاد سرور،پروفیسر ڈاکٹر احسان ملک،ڈاکٹر نوید اقبال، ڈی جی پنجاب یونیورسٹی گوجرانوالہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر محمد مدثر سمیت فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ ڈی جی پنجاب یونیورسٹی گوجرانوالہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر محمد مدثر نے بتایا کہ جن طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئی ہیں انہوں نے کامرس، بزنس، آئی ٹی، لاء، بنکنگ اینڈ فنانس، اینڈ انگلش کے شعبوں میں اپنی تعلیم مکمل کی ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، کمشنر سید نوید حیدر شیرازی،سیشن جج گوجرانوالہ جاوید اقبال، پروفیسر ڈاکٹر محمد مدثر و دیگر مقررین نے کامیابی سے تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔