ترقی کیلئے ملک کو کرپشن سے پاک کرنا ہوگا :حامد ناصر
وزیرآباد(نا مہ نگار) سابق سپیکر قومی اسمبلی حامد ناصر چٹھہ نے کہا ہے کہ قائد اعظمؒ محمد علی جناح جیسے رہنما صدیوں بعد جنم لیتے ہیں۔
ان کی سیاست دانش وعمل کا حسین مرقع ہے اور ان کی سیاسی بصیرت کا اعجاز ہے کہ آج ہم آزاد وطن کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں، آزادی کی قدر اور پاکستان کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ قائد اعظم ؒ کا خواب تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے عظیم ترین ممالک میں ہواور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ملک کو حقیقی معنوں میں کرپشن سے پاک کیا جائے گا۔ قائد اعظم ؒ نے بیک وقت انگریز حکمرانوں اور ہندوقیادت کا تدبر کے ساتھ مقابلہ کیا اور منتشر قوم کوایک لڑی میں پرو کر پاکستان کو معرض وجود میں لاتے ہوئے برصغیر کا نقشہ تبدیل کر دیا، اپنے اسلاف کی لازوال قربانیوں کو یاد رکھنا زندہ قوموں کا شیوہ ہے اور قائد اعظم ؒ نے مسلمانان ہند کو آزادی جیسی بیش قیمت نعمت سے ہمکنار کرکے احسان عظیم کیا ہے ، بابائے قوم قائد اعظم ؒ کروڑوں پاکستانیوں کے محسن ہیں جن کا نام تاقیامت عزت کے ساتھ زندہ رہے گا۔چودھری حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں اور قائداعظم کی سوچ کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں۔