وزیر آ باد:خواتین کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ تک رسائی کیلئے ٹریننگ
وزیرآباد(نا مہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن گوجرانوالہ نے سمیڈا اور پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیر آباد کے تعاون سے خواتین کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ تک آسان رسائی کیلئے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا ۔۔۔
جس میں ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ملک زاہد صفدر ،چیئرمین پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیر آباد جمال بھٹہ اور چیئرمین پاک کٹلری کنسورشیم وزیر آباد خالد مغل ،سینئر وائس چیئرمین حبیب اللہ چودھری اور سابق ایم پی اے بیگم طلعت شوکت چیمہ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سمیڈا کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایکسپرٹ نے ٹریننگ کے دوران کہا کہ ملک کی 50 فیصد سے زائد خواتین کی آبادی کیلئے مقامی کٹلری مصنوعات کی فروخت ان کے اپنے برینڈ سے انتہائی آسان ہو چکا ہے ،پڑھی لکھی خواتین انٹر نیشنل مارکیٹ میں بھی فروخت کر کے اپنے لیے بہتر روزگار اور ملک کیلئے زر مبادلہ کما سکتی ہیں۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر زاہد صفدر ملک نے کہا کہ خواتین کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ تک رسائی دے کر ان کی ہنر مندی کو پورے ملک اور انٹرنیشنل سطح پر روشناس کرائیں گے ، ضلع وزیر آباد کی خواتین کو بلا سود قرضہ جات بھی جاری کریں گے ۔ اس موقع پر جمال بھٹہ ، حبیب اللہ چودھری ، خالد مغل اور سابق ایم پی بیگم طلعت شوکت چیمہ نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام خواتین کو جدید مہارتیں فراہم کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ۔