نئے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا منصوبہ فائلوں میں دفن
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)حکومتی اداروں اور ارکان اسمبلی کی عدم توجہی کے باعث گوجرانوالہ میں نیا ٹی ایچ کیو ہسپتال بنانے کا منصوبہ سرخ فیتے کی نذر ہو گیا ۔۔۔
پانچ سال قبل شہر میں ایک اور تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتال کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا اس وقت کے ڈپٹی کمشنر ،سیاسی شخصیات اور محکمہ صحت ،بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے شیخوپورہ روڈ پر 30کنال سے زائد رقبہ پر تحصیل ہسپتال کے قیام کیلئے اراضی کا انتخاب کیا تھا حکومتی اداروں نے رپورٹ تیار کرکے پنجاب حکومت کو ارسال کی تھی کہ 30کنال 5مرلہ سرکاری اراضی موجود ہے جسے ہسپتال کے قیام کیلئے مختص کیا جائے ، محکمہ ریونیو نے بھی مراسلہ دیا اورتمام اداروں نے متفقہ پلان بناکر حکومت کو سفارشات ارسال کیں کہ شہر میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے علاوہ اس سطح کا کوئی سرکاری ہسپتال موجود نہیں جس کے باعث شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات کیلئے مشکلات کا سامنا ہے ، ہسپتال کے قیام کیلئے تمام کاغذی کارروائی اور جگہ کی نشاندہی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا گیا اور حکومت کو یہ بھی بتایا گیا کہ نئے ہسپتال کیلئے راستہ اور پارکنگ کیلئے مجوزہ جگہ سے ملحقہ خالی اراضی(8کنال) کو اکوائر کرنے کیلئے بھی فوری اقدامات کرتے ہوئے رپورٹ کی گئی مگر 5 سال گزر گئے ، ہسپتال کے قیام کا پلان فائلوں میں ہی دب کر رہ گیا ۔