گیپکو سب ڈویژن احمد نگر چٹھہ کی حدود میں لٹکتے ننگے تار شہریوں کیلئے خطرہ
جامکے چٹھہ (نامہ نگار )گیپکو سب ڈویژن احمد نگر چٹھہ کی ناقص کارکردگی، گلیوں، بازاروں میں لٹکتے ننگے تار شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے ۔ ہلکی ہوا، بارش سے سپارکنگ معمول بن گئی، گیپکو اہلکار خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے ۔
جامکے چٹھہ کے ملحقہ دفتر سب ڈویژن احمد نگر کے عملہ کی غفلت اور لا پروا ئی سے ساروکی چیمہ کے بازاروں گلیوں میں بجلی کے بے ہنگم تاروں سے شہریوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ مکانوں کی دیواروں کے ساتھ بجلی کے تاروں کے ننگے جوڑ حادثے کا با عث بن سکتے ہیں۔ برسات کے دنوں میں اکثر مکانوں میں کرنٹ آجاتا ہے ، کئی دفعہ شارٹ سرکٹ سے آگ بھی لگ چکی ہے ۔ شہریوں نے بتایا کہ متعدد بار گیپکو کے مقامی واعلیٰ افسروں کو شکایات کرنے کے باوجود کسی کے کان تک جوں تک نہیں رینگی ،گیپکو میں کرپٹ مافیا نے پنجے گاڑ رکھے ہیں، نذرانہ کے بغیر کام کرانا خواب بن گیا ۔ شہریوں نے گیپکو چیف سے مطالبہ کیا کہ ننگے جوڑوں ، بوسیدہ تاروں کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔