وکلا کی صحت پر کمپرومائز نہیں کیا جائے گا :عرفان وڑائچ

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان اﷲ وڑائچ ، سیکرٹری چودھری محمد افضال اسلم نے کہا ہے کہ وکلا برادری کی صحت پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔۔۔
ضلع کچہری کی حدود میں مضر صحت اور غیر معیاری اشیا خور و نوش فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تمام کینٹین ، چائے خانے ، پکوڑے ، جوس اور دیگر اشیائے خور ونوش فروخت کرنے والے دکاندارصفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور صحت مند او ر معیاری اشیا ضلع کچہری کی حدود میں فروخت کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم انسپکٹر عاطف پرویز، محمد علی ودیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے انسپکٹر عاطف پرویز نے ٹیم کے ہمراہ کینٹین، جوس، چائے خانے ،پکوڑے کی دکانوں اور ریڑھی بانوں کی چیکنگ کی ناقص صفائی، مضر صحت اشیائے خور ونوش اورزائد المیعاد کولڈ ڈرنکس کو موقع پر تلف کرادیا جبکہ متعدد کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز کے مطابق کھانے پینے کی اشیا کو فروخت کرنے کیلئے وارننگ جاری کی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے انسپکٹر عاطف پرویز نے بتایا کہ آئندہ دورہ کے دوران مضر صحت ،غیر معیاری اور صفائی ستھرائی نہ رکھنے والی کینٹینوں ،ریڑھی بانو ں اور چائے خانے کو بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ سیل کردیا جائے گا۔