گجرات : 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کی تیاریاں
گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی زیر صدارت 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کہا کہ 5 فروری کو گجرات یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور پاکستانی قوم کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی حمایت کا اظہار کرے گی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر حبیبہ بلال، چیف آفیسرز میونسپل کمیٹیز، اور دیگر متعلقہ افسر وں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم، ہائر ایجوکیشن، یونیورسٹی آف گجرات، اور میونسپل کمیٹیز کے چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کریں۔ ضلعی سطح پر ایک سیمینار ضلع کونسل ہال گجرات میں منعقد ہوگا جس کے بعد ضلع کونسل ہال سے جناح چوک گجرات تک ریلی نکالی جائے گی۔ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز مقامی اراکین اسمبلی کے ساتھ مل کر ریلیوں اور تقریبات کی قیادت کریں گے ۔اس کے علاوہ محکمہ کھیل کی جانب سے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ تمام سرکاری دفاتر، عمارتوں اور سکولوں و کالجز میں پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرائے جائیں گے تاکہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے ۔اسسٹنٹ کمشنر حبیبہ بلال کو یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔