سنٹرل ایشیا سے 5 ممالک کے سفیروں کا بزنس سنٹر میں میڈان گوجرانوالہ انکلوژر کا دورہ

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)سنٹرل ایشیا کے 5 ممالک کے سفیروں نے گوجرانوالہ بزنس سنٹر میں قائم میڈ ان گوجرانوالہ انکلوژر کا دورہ کیا۔ دورہ کرنے والے ممالک میں ترکمانستان، قازقستان، آذربائیجان، ازبکستان اور تاجکستان کے سفیر شامل تھے ۔
اس موقع پر ترکمانستان کے سفیر اور ڈپلومیٹک کورپس کے سربراہ عطا جان ماولومووکا کہنا تھا کہ ایک چھت تلے گوجرانوالہ کے 30 صنعتی شعبوں کی نمائش بہت احسن قدم ہے جس کے لیے جی،بی،سی کی قیادت تعریف کی مستحق ہے ۔نمائش کیلئے پیش کی گئی مصنوعات کا معیار بہت متاثر کن ہے ۔ گوجرانوالہ کی صنعتی ترقی کیلئے جی،بی،سی کی کاو شوں کے معترف ہیں اور چاہتے ہیں اس ادارے کے ساتھ مل کر خطے کی ترقی میں کردار ادا کریں۔چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سنٹر احمد اکرام لون نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ تمام سنٹرل ایشین ممالک کے نمائندے آج گوجرانوالہ میں موجود ہیں اور گوجرانوالہ اور سنٹرل ایشیا کے درمیان طویل مدتی روابط کے قیام کیلئے متحد ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر FPCCI ذکی اعجاز کا کہنا تھا کہ احمد اکرام لون کی قیادت میں جی،بی،سی کی انتظامیہ نے نئی مثال قائم کی ہے جس سے گوجرانوالہ کا صنعتی چہرہ نمایاں ہوا ہے ، میڈ ان گوجرانوالہ انکلوژر کی طرز پر پاکستان کے ہر شہر میں ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹرز ہونے چاہئیں اس سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور ایکسپورٹ کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔