اسلام میں بنیادی عقیدہ فکر آخرت :پیر اجمل قادری
راہوالی( نمائندہ دنیا )علامہ پیر محمد اجمل رضا قادری نے دوران خطاب انسانی ضمیرکو جھنجھوڑتے اور اصلاح کرتے ہو ئے کہا کہ دین اسلام میں بنیادی عقیدہ فکر آخرت اور اس پر یقین ہے۔۔۔
اور اصل زندگی بھی آخرت کی زندگی ہے اور ہمیشہ رہنے والی ہے بد قسمتی سے ہم اس فانی دنیا میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں فضول لہب و لہو میں مصروف ہیں، دنیاوی لذتوں آسائشوں میں لگے ہوئے ہیں ،سرداریاں قائم کررکھی ہیں، خدا کو بھولے بیٹھے ہیں جس خدا نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اگر قیامت کے روز خدا نے ہم سے دئیے ہوئے کا حساب لیا تو پھر پچھتاوے کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا اور اس نے بھلادیا تو پھر کیا حشر ہو گا ،قیامت کے روز حساب دینے سے ڈرو،ڈرنے والے کو دو جنتیں ملیں گی، انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے علماء کا حساب ہوگا جنہوں نے اس دنیا میں زیادہ عزتیں سعادتیں سمیٹی ہیں اسکے ساتھ مالداروں اور مجاہدوں کا بھی حساب ہوگا ،قیامت کے روز سوال ہونگے کہ عمر کہاں گزاری قیمتی وقت ضائع کیا، جوانی کہاں گزاری ،اپنے علم پر کہاں تک عمل کیا، انہوں نے کہا اپنی آخرت کی فکر کرو اسکے لیے سامان پیدا کریں، انہوں نے کہا کہ جن کے سینے بغض،کینہ سے پاک ہونگے قیامت کے روز ان کا حساب آسان ہو گا ۔