کسان احتجاج کریں تو بھر پور ساتھ دینگے :جماعت اسلامی

کسان احتجاج کریں تو بھر پور ساتھ دینگے :جماعت اسلامی

گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )جماعت اسلامی پنجاب کے ا میرڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ کسان بھائی اگراسلام آباد کی طرف رخ کریں گے ہم تو ہم پلکیں بچھاکرنہ صرف انکااستقبال کریں گے۔۔۔

بلکہ گزشتہ سال بجلی کے بلوں کے حوالے سے لیاقت باغ اورمری روڈ پرد ئیے گئے تاریخی دھرنے سے بھی بڑا دھرنا دیکر کسانوں سے اظہاریکجہتی کریں گے ، انہوں نے کہاکہ حکومت نے کسانوں کیلئے آج تک کوئی بھی پالیسی نہیں بنائی ان کی پالیسیاں واضح ہیں جس کے تحت انہوں نے پہلے سکولوں کوپرائیویٹ کیا اب ہسپتال بیچے جارہے ہیں، وقت آگیاہے کہ اب کسانوں کوبھی اپناحق لینے کے لئے اٹھنا پڑے گا،ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ پانی کی تقسیم، نئی نہروں کی نکاسی کا مسئلہ فیڈریشن کیلئے خطرات بڑھا رہا ہے ،پانی کی قلت کی وجہ سے ہر صوبے کی شکایات بڑھتی جارہی ہیں،انہوں نے کہاکہ چاروں صوبوں خصوصاً پنجاب میں زراعت اور کسان زبوں حالی کا شکار ہیں ،پنجاب حکومت گندم خرید نہیں رہی لیکن ناانصافی کا ریٹ مقرر کرکے دوہرا ظلم کررہی ہے ،حکومت اگر خریداری نہیں کررہی تو ریٹ بھی کھلی مارکیٹ پر چھوڑ دیا جائے اور زائد گندم ایکسپورٹ کی جائے ۔ گندم اور چینی کے لیے امتیازی پالیسیوں کے بجائے ایک ہی پالیسی بنائی جائے ،گندم کے کاشتکاروں سے مشاورت، لاگت کے تعین کیساتھ ریٹ مقرر کرتے ہوئے گندم کی خریداری ہی قابل اطمینان حل ہے ،انہوں نے کہاکہ اگرحکمرانوں نے کسانوں کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو پھردما دم مست قلندرہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں