بغیر تعلیم ملک وقوم ترقی نہیں کر سکتے :وفاقی پارلیمانی سیکرٹری

بغیر تعلیم ملک وقوم ترقی نہیں کر سکتے :وفاقی پارلیمانی سیکرٹری

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شاہد عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک و قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔۔۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول ایم سی نمبر 5 میں منعقدہ سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں شرکت کیلئے آنے پر ہیڈماسٹر و صوبائی نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین طارق قریشی نے گلدستہ پیش کیا۔ شاہد عثمان ابراہیم کا مزید کہنا تھا کہ سکولز میں مفت تعلیم، کتب کی فراہمی ترجیح، اعلیٰ تعلیم کے لئے اربوں روپے کے تعلیمی وظائف کا اجراء حکومت پنجاب کا سنہرا کارنامہ ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سرکاری سکولز میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے مثالی اقدامات اٹھا رہی ہیں، شاہد عثمان ابراہیم نے ہیڈماسٹر طارق قریشی کو سٹاف کی کمی، عدم دستیابی فنڈز کے باوجود بہترین نظم و نسق پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جملہ سکول سٹاف کو مبارکباد دی۔ طلبا، والدین، اساتذہ اور سکول کونسل ممبران کے پرزور مطالبہ پر شاہد عثمان ابراہیم نے یقین دہانی کرائی کہ وہ عنقریب وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملاقات کرکے گورنمنٹ ہائی سکول ایم سی نمبر 5 کو ایس این ای جاری کرائیں گے تاکہ اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جا سکے اور نہم دہم کے بچوں کا داخلہ بھی ممکن ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں