پھالیہ :مہندی پر آتش بازی سے جھونپڑیاں جل کر راکھ
پھالیہ (نامہ نگار )نواحی گاؤں بمبلی میں مہندی کے موقع پر آتشبازی نے غریب خاندان کا آشیانہ جلا ڈالا ۔ نواحی گاؤں بمبلی میں شادی کی تقریب میں کی جانے والی آتش بازی سے محنت کش غلام علی کی جھونپڑیوں کو آگ لگ گئی۔۔۔
جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 5جھونپڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا جس سے جھونپڑیوں میں موجود تمام گھریلو سامان سمیت اشیائے خور ونوش کے علاوہ جانور بھی جھلس گئے ۔ محنت کش غلام علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اُس کے پڑوسی کے بیٹے کی مہندی کی تقریب جاری تھی جس میں آتش بازی کی جا رہی تھی۔ اسی دوران ایک چنگاری جھونپڑی پر آگری جس سے آگ لگ گئی، تیز ہوا کی وجہ سے آگ نے لمحوں میں دوسری جھونپڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ ہم نے بمشکل اپنی اور بچوں کی جان بچائی مگر گھر کا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ پھالیہ سے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور آگ پر قابو پایا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا تاہم سب کچھ خاکستر ہو چکا تھا۔غلام علی نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اُس کے نقصان کا ازالہ کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ بچوں کے لیے چھت کا بندوبست کر سکے ۔ گاؤں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ شادیوں میں غیر ذمہ دارانہ آتش بازی کے واقعات آئے روز بڑھتے جا رہے ہیں جو خطرناک نتائج کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے اور ذمہ دار وں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔