نرخ نامے سے مرغی کے گوشت کی قیمت ختم: دکانداروں کو کھلی چھٹی
گوجرانوالہ، منڈیکی گورائیہ (نیوز رپورٹر، نامہ نگار )سرکاری طور پر جاری ہونے والی ریٹ لسٹ سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت ختم کر دی، صرف زندہ مرغی کا ریٹ لکھا ہوا ہے۔۔۔
جس کے باعث دکانداروں نے من مانے ریٹس پر مرغی کا گوشت فروخت کرنا شروع کر دیا ، گوشت کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا ۔بتایا گیا ہے کہ زندہ برائلر مرغی اور گوشت کی قیمت روزانہ کی بنیاد پر ضلعی انتظامیہ جاری کرتی ہے لیکن اب انتظامیہ کی جانب سے جاری ہو نے والی سرکاری ریٹ لسٹ سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت ہی غائب ہے ۔ دکاندار 800سے 900روپے فی کلو گرام برائلر مرغی کا گوشت فروخت کر رہے ہیں جبکہ تین روز قبل تک انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی سرکاری ریٹ لسٹ پر برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 592روپے لکھی ہوتی تھی لیکن تب بھی مرغی کے گوشت کی قیمت دکاندار ریٹ لسٹ سے زائد وصول کرتے تھے لیکن اب دکانداروں کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ریٹ لسٹ پر مرغی کے گوشت کی قیمت لکھی ہوتی تھی وہ دکاندار سے بحث کر لیتے تھے لیکن اب تو وہ بھی نہیں کر سکتے ۔