علی پورچٹھہ :100روپے والا اشٹام پیپر 200 میں فروخت
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں 100روپے والا اشٹام پیپر 200 میں فروخت ہونے لگا،سابق تاریخ میں اجرا 1000روپے میں ممکن،شہریوں کی بار ہا شکایات پر بھی اعلیٰ حکام نے خاموشی اختیار کر لی ۔
علی پور چٹھہ میں اشٹام فروش شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے ۔100 روپے کا بیان حلفی اشٹام کھلے عام سادہ لکھائی کے بغیر 200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔احتجاج کرنے پر کہا جاتا ہے کہ جہاں سے مقررہ قیمت پر ملتا ہے وہاں سے خرید لو ہمارے پاس سے خریدنا کونسا مجبوری ہے ۔انشورنس پالیسی کیلئے زکوۃ اشٹام سابق تاریخ کا 1000 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ اشٹام بغیر لکھائی کے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے ۔ اس بارے شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے پر زور دیا ہے ۔ اس بارے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رب نواز چدھڑ سے رابطہ کیا تو انہوں نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ اس کو چیک کرتا ہوں اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگے داموں اشٹام فروخت کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کرتے ہوئے ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔