فلسطین رابطہ کمیٹی کا 26اپریل کو شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان

فلسطین رابطہ کمیٹی کا 26اپریل کو شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)26اپریل کو ملک بھر کی طرح ضلع گوجرانوالہ میں بھی مکمل شٹر ڈائون ہڑتال ہوگی۔۔

فلسطین رابطہ کمیٹی نے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم اور جارحیت کے خلاف علما کرام ،وکلا تاجر برادری دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والوں کا مشترکہ احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلہ میں گزشتہ روز رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس گوجرانوالہ کلاتھ بورڈ مارکیٹ کے دفتر میں منعقد ہوا،جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہڑتال کو مشترکہ طور پر کامیاب بنانے کیلئے علما کرام اپنے جمعہ کے خطبات میں عوام کو مکمل طور پر بریفنگ دیتے ہوئے قومی سطح دی گئی مجوزہ 26 اپریل کی شٹر ڈائون ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے مکمل تعاون کی ترغیب دینگے ،رابطہ کمیٹی کے اراکین تمام مارکیٹوں اور بازاروں کے صدور سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ مکمل شٹر ڈائون کو یقینی بنایا جا سکے ، اجلاس میں تمام تاجروں نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا بھی دوبارہ اعلان کرتے ہوئے بازاروں کیلئے حکم نامہ جاری کیا کہ جلد از جلد مارکیٹ سے اسرائیلی مصنوعات کا صفایا کیا جائے ، ہڑتال کی کامیابی کیلئے مشترکہ طور پر تمام مکاتب فکر کے علما کرام‘وکلا اور تاجروں کا مشاورتی اجلاس 22اپریل بروز منگل مرکزی جامع مسجد شیرانوالہ باغ میں 2 بجے منعقد ہو گا جس میں 26 اپریل کی ہڑتال ،احتجاجی ریلی اور استقبالیہ کیمپ کے حوالے سے انتظامات کو مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں