گجرات:جشن بہا راں فیسٹیول ‘پھلدار اور پھولدار پودے تقسیم
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )جشن بہاراں فیسٹیول 2025 کے موقع پر ضلعی انتظامیہ گجرات اور گرین ایکسپریس کاروان ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے ضلع کونسل گراؤنڈ میں شہریوں میں 1000سے زائد قد آور پھلدار اور پھولدار پودے مفت تقسیم کئے گئے ۔
اس سرگرمی کا مقصد ماحولیاتی بہتری، عوامی شعور اور شجرکاری کو فروغ دینا تھا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔تقسیم کیے گئے پودوں میں مسمی، کینو، میٹھا، لیمن، امرود، انار، انجیر، گلاب اور موتیا سمیت دیگر اقسام شامل تھیں ۔ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے پودوں کی تقسیم کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی بہتری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور شجرکاری کے فروغ سے نہ صرف آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ پھلدار درخت مستقبل میں غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ بہاراں جیسے مواقع صرف تفریح نہیں بلکہ عوامی آگاہی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔گرین ایکسپریس کے چیئرمین مظہر ہاشمی نے بتایا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کئی سال سے شجرکاری، تعلیم، صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔