حکمرانوں کو اتفاق واتحاد کامظاہرہ کرنا ہو گا:علما کرام
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زندگی دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے بہترین اسوہ حسنہ ہے ۔۔
،مسلمانوں کی کامیابی و کامرانی اطاعت خدا وندی اور اطاعت مصطفوی ؐمیں ہے ،موجودہ حالات میں مسلمانوں اور عالم اسلام کا متحد ہونا بہت ضروری ہے ، اسلام و پاکستان دشمنوں کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جائے ، سرحدوں کی حفاظت کرنے والی افواج پاکستان کے لئے تمام پاکستانیوں کو دعا کرنے کی ضرورت ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ڈٹے ہوئے ہیں، حکمرانوں کو بھی آپس میں اتفاق واتحاد کامظاہرہ کرنا ہو گا ،عفوو در گزر صبر وتحمل اور استقامت کے ساتھ ہی پاکستان کو ترقی کی راہ میں آگے بڑ ھ سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار الحاج پیر سید چن پیر سرکار علی پور ی ،صاحبزادہ پروفیسر پیر سید مستجاب علی شاہ شیرازی ،علامہ مفتی خان محمد قادری ،علامہ شعبان القادری، جماعت اہلسنت پاکستان کے ضلعی ناظم مولانا حافظ محمد رفیق قادری نے بزم فیضان لاثانی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام 16واں سالانہ جشن لاثانی بسلسلہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔