پاک فوج نے بھارت کو تاریخی سبق سکھایا :ساجد گوندل
وزیرآباد (نامہ نگار)پیپلزپارٹی یورپ کے نائب صدر چودھری ساجد گوندل نے افواج پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا۔۔
کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانے پر افواجِ پاکستان نے انتہائی جرا ت مندانہ اور فیصلہ کن انداز میں ردِعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو واضح الفاظ میں الٹی میٹم دیا اور عالمی رہنمائو ں کی مداخلت کو نظرانداز کرتے ہوئے دفاعِ وطن کا حق ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کے جانباز شاہینوں نے بھارت کے اندر گھس کر نہ صرف جدید رافیل طیاروں کو تباہ کیا بلکہ دشمن کے دفاعی نظام ایس-400 اور اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو بھی ناکارہ بنا دیا۔ اس جرا ت مندانہ کارروائی سے نہ صرف بھارت کو ایک تاریخی سبق ملا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی جنگی حکمتِ عملی کو سراہا جا رہا ہے ۔ ساجد گوندل نے کہا کہ دنیا اب پاکستان کی دفاعی سوچ اور جنگی مہارت کو مثال بنا کر اپنے دشمنوں کے خلاف حکمت عملی ترتیب دے گی۔